بنگلورو۔30؍ اگست(ایس او نیوز) ریاست میں لنگایت فرقہ کو علیحدہ مذہب کا درجہ دینے کا مطالبہ کرنے والے لنگایت مٹھوں کے سربراہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنے طبقے کو الگ مذہب کا درجہ دینے کی مانگ کسی مقام اور مرتبے کی آس میں نہیں بلکہ اپنی خودداری کیلئے کررہے ہیں۔آج شہر میں بسوا سمیتی کے زیر اہتمام منعقدہ ایک میٹنگ میں تمام لنگایت مٹھوں کے قائدین نے یہ رائے ظاہر کی۔ بیلی مٹھ کے شیوردرا مہاسوامی نے کہاکہ لنگایت طبقہ کبھی ہندو مذہب کا حصہ نہیں رہا ہے۔ جس طرح جین ، بدھ اور سکھ اپنے اپنے مذہب پر پابند ہیں اسی طرح لنگایت طبقے نے بھی اپنا ایک الگ عقیدہ اپنایا ہے، اسے ہندومذہب کا حصہ ہرگز قرار دیا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ لنگایت طبقے نے صرف الگ مذہب کا درجہ دینے کی مانگ کی ہے۔ درج فہرست طبقات میں شامل کرنے کا مطالبہ نہیں۔ کچھ لوگ غیر ضروری طور پر اس معاملے کو سیاسی فائدہ کیلئے غلط رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس موقع پر دیگر مختلف لنگایت مٹھوں کے سربراہوں نے بھی علیحدہ مذہب کے مطالبے پر زور دیا اور ریاستی وزیر اعلیٰ سے مانگ کی کہ اس سلسلے میں ان کی نمائندگی کو فوراً منظور کروایا جائے۔